بٹ کوائن تاریخ کی بلند ترین سطح چھو گیا، قیمت ڈیڑھ لاکھ ڈالر تک جانے کی پیشگوئی
دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قیمت بدھ کے روز ایک نئی بلند ترین سطح یعنی 1 لاکھ 12 ہزار ڈالر تک جا پہنچی، جس کے بعد تجزیہ کاروں نے اس کے مستقبل میں مزید اضافے کی پیش گوئی شروع کر دی ہے۔ اس وقت بٹ کوائن معمولی اتار چڑھاؤ کے بعد 1 لاکھ 11 ہزار 383 ڈالر پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔
کرپٹو ماہر اور ”ملک روڈ“ کے شریک بانی کائل ریڈ ہیڈ نے ”ایکس“ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا، ’اب ملاقات 150,000 ڈالر پر ہوگی۔‘ انہوں نے جون کے آخر میں بٹ کوائن کی ”بلش کپ اینڈ ہینڈل“ فارمیشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ تکنیکی پیٹرن بٹ کوائن کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق بٹ کوائن کی قیمت میں حالیہ اضافہ ایک نازک وقت پر ہوا ہے، کیونکہ مئی کے بعد اس کی قیمت دوبارہ بلند سطح پر نہیں جا پا رہی تھی، جس پر تجزیہ کاروں نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔ بدھ کے روز، ماہر معیشت ٹموتھی پیٹرسن نے ”کوائن ٹیلیگراف“ کو بتایا کہ اگر بٹ کوائن دو ہفتوں میں نئی بلندیوں تک نہیں پہنچتا، تو شاید اکتوبر تک اس کی قیمت دوبارہ اوپر نہ جا سکے۔
ادھر کرپٹو مارکیٹ کا مجموعی مزاج بھی مثبت ہوتا جا رہا ہے۔ ”کرپٹو فئیر اینڈ گریڈ انڈیکس“ کے مطابق کرپٹو سرمایہ کاروں کے جذبات ”لالچ“ کی سطح پر پہنچ گئے ہیں، جہاں اسکور 100 میں سے 71 ہو گیا ہے۔
Leave A Comment