نومبر دسمبر میں سٹارلنک کی سروسز پاکستان میں دستیاب ہوں گی: شزہ فاطمہ
وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ کا کہنا ہے کہ سٹار لنک کا انفراسٹرکچر لگنے کے بعد نومبر دسمبر میں اس کی سروسز دستیاب ہوں گی، نومبر دسمبر میں سٹارلنک کی سروسز پاکستان میں دستیاب ہوں گی۔ قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کا امین الحق کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں سٹارلنک کے لائسنس کے معاملے پر چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بریفنگ دی۔چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ سپیس بورڈ نے سٹارلنک کو عارضی لائسنس دے دیا ہے، سٹارلنک کو مکمل لائسنس ان کی ریگولیشنز فائنل ہونے کے بعد دیا جائے گا، سٹارلنک کا لائسنس اس وقت تک اجراء کے مرحلے میں ہے۔
امین الحق نے سوال کیا کہ سٹارلنک کے لائسنس میں کیا مشکلات ہیں؟ جس پر وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا کہ سٹارلنک کے لائسنس کے معاملے میں کوئی مشکلات نہیں ہیں، سیٹلائٹ انٹرنیٹ ایک نئی ٹیکنالوجی ہے اس کے مختلف پہلو دیکھنے والے تھے، سٹارلنک کے لائسنس کےلئے کنسلٹنٹ ہائر کیا گیا ہے، ریگولیشنز فائنل کرنے کےلئے کنسلٹنٹ کام کررہا ہے، ریگولیشنز فائنل ہونے کے بعد سٹارلنک کو دوبارہ اپلائی کرنا پڑے گا۔ ہمارے پاس چین کی کمپنی نے بھی سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے لئے درخواست دے رکھی ہے، ہم چاہتے ہیں سپیس انٹرنیٹ کے معاملے پر دیگر کمپنیوں کو بھی موقع ملے، چین کی کمپنی شنگھائی سپیس کام کی بھی درخواست آئی ہے، ہم چاہتے ہیں زیادہ کمپنیاں آئیں تاکہ مقابلے کی فضاءقائم ہو۔
Leave A Comment