عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی
مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی کے بعد ایران اور اسرائیل کی جانب سے ایک دوسرے پر حملے روکنے کے اعلان نے عالمی تیل منڈی کو وقتی ریلیف فراہم کیا ہے، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔ برینٹ خام تیل کی قیمت 93 ڈالر فی بیرل کے قریب آگئی جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 91 ڈالر فی بیرل سے نیچے ٹریڈ کرتا رہا۔
گزشتہ روز عالمی منڈی میں ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں تیزی دیکھنے میں آئی تھی ۔برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 3.4 فیصد اضافے کے بعد 96.50 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی خام تیل (WTI) 3 فیصد بڑھ کر 93.75 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہونے لگا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ جنگ بندی نے عالمی منڈیوں میں پائے جانے والے خدشات کو وقتی طور پر کم کیا ہے، لیکن سرمایہ کار اب بھی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق کسی بھی نئے فوجی تصادم کی صورت میں تیل کی قیمتوں میں دوبارہ تیزی سے اضافہ ہوسکتا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے بغیر عالمی توانائی منڈی مکمل طور پر مطمئن نہیں ہوسکتی، کیونکہ خطہ دنیا کی تیل سپلائی کا ایک اہم مرکز ہے اور کسی بھی کشیدگی کے اثرات براہِ راست عالمی معیشت پر پڑتے ہیں۔